17

جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کا بڑا فیصلہ خاتون عہدیدار فارغ

میرپور(وقائع نگار خصوصی) پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا الزام بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے سابق سیکرٹری جنرل نبیلہ ارشاد کو پارٹی سے فارغ کر دیا، بنیادی رکنیت ختم۔ تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے صدر شیخ فضل کریم کی زیر صدارت پارٹی کی ایڈوائزری کمیٹی اور ڈسپلنری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس گذشتہ روز راولپنڈی میں ہوا۔جس میں پارٹی کی سابق سیکرٹری جنرل نبیلہ ارشاد کو نظم وضبط کی خلاف ورزی پر بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں چیف آرگنائزر سمیت ممبران ایگزیکٹو اور ڈسپلنری کمیٹی نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ نبیلہ ارشاد ڈسپلنری کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر اپنے اوپر لگے الزامات کی وضاحت کر چکی ہیں تاہم وہ اپنے اوپر لگے الزامات کا نہ صرف دفاع نہ کر سکیں بلکہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہیں۔ جس پر دو کمیٹیوں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے اُنکی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں