حکومت آزادکشمیر نے زکوۃ فنڈ کی رقم جاری کر دی
مظفرآباد(نامہ نگار)حکومت آزاد جموں و کشمیر نے زکوٰۃ فنڈز کی شفاف تقسیم کے تحت مستحقین کیلئے 12 کروڑ 10 ہزار 4 سو روپے سے زائد کی خطیر رقم جاری کر دی۔وزیر زکوات ٬سیکرٹری زکوات اور چیف ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر کی شبانہ روز محنت کے بعد عید الاضحی سے قبل مستحقین زکوات کو یہ رقم جاری کر دی جائے گی۔ پریس ریلیز کے مطابق یہ رقم آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں مستحق، نادار اور کم آمدن افراد میں تقسیم کی جائے گی۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر زکوات کی ہدایات کے مطابق سیکرٹری زکوات و عشر محترمہ تہذیب النساء زکوٰۃ فنڈز کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے مشن پر گامزن ہیں تاکہ مستحق افراد کو بروقت مالی امداد فراہم ہو سکے۔اعداد و شمار کے مطابق ضلع مظفرآباد کیلئے 2 کروڑ 15 لاکھ 46 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ضلع کوٹلی کو 2 کروڑ 9 لاکھ 34 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ضلع پونچھ کیلئے ایک کروڑ 24 لاکھ 52 ہزار 4 سو روپے، ضلع میرپور کیلئے ایک کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار 2 سو روپے جبکہ ضلع بھمبر کیلئے ایک کروڑ 10 لاکھ 77 ہزار 2 سو روپے جاری کیے گئے ہیں۔
اسی طرح ضلع باغ کیلئے ایک کروڑ 2 لاکھ 81 ہزار 6 سو روپے، ضلع حویلی کیلئے 95 لاکھ 54 ہزار 4 سو روپے، ضلع نیلم کیلئے 90 لاکھ 93 ہزار 6 سو روپے، ضلع سدھنوتی کیلئے 81 لاکھ 72 ہزار روپے جبکہ ضلع جہلم ویلی کیلئے 54 لاکھ 72 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔پریس ریلیز میں سیکرٹری زکوات و عشر محترمہ تہذیب النساء نے مزید کہا ہے کہ زکوٰۃ فنڈز کی تقسیم میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف ایڈمنسٹریٹر نظامت زکوات و عشر نے متعلقہ ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مستحقین کی فہرستوں کی ازسرنو جانچ پڑتال یقینی بنائیں تاکہ امدادی رقوم صرف حقیقی حق داروں تک پہنچ سکیں۔
چیف ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر چوہدری محمد رزاق نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر غریب، نادار اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور زکوٰۃ فنڈز کی بروقت فراہمی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔