میرپور، نامعلوم افراد نے نوجوان کو اغواء کر لیا، تلاش جاری
میرپور : منی لندن میرپور کے علاقے سیکٹر فور پارٹ سیکنڈ سے چوہدری عامر کے بیٹے چوہدری حیدر علی کو گزشتہ رات نامعلوم افراد مبینہ طور پر ویٹس کار میں اغوا کر کے لے گئے۔ اہل خانہ کے مطابق واقعے کے بعد سے چوہدری حیدر علی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا جس پر اہل علاقہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ پولیس تھوتھال نے کارروائی شروع کر دی اور مختلف مقامات پر تلاش کا عمل جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ شہریوں اور اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ چوہدری حیدر علی کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اہل خانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شہری کے پاس چوہدری حیدر علی کے حوالے سے کوئی معلومات موجود ہوں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا تھانہ پولیس تھوتھال سے رابطہ کریں تاکہ نوجوان کی جلد بازیابی ممکن بنائی جا سکے۔