واپس جائیں

میرپور کے شہریوں نے چیمبر آف کامرس میں خدمت مرکز کا قیام ڈرامہ قرار دے دیا

25 May 2026, 02:36 PM
میرپور کے شہریوں نے چیمبر آف کامرس میں خدمت مرکز کا قیام ڈرامہ قرار دے دیا

میرپور/25 مئی 2026ء/ میرپور کے شہریوں نے میرپور پولیس کی جانب سے آزادکشمیر چیمبر آف کامرس میرپور کے آفس میں خدمت مرکز کے قیام کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اس اقدام پر حیرت اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس حوالے سے کئی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کچہری میرپور میں ایس ایس پی آفس کے سامنے پہلے سے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ خدمت مرکز موجود ہے جہاں شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔


شہریوں کا کہنا ہے کہ چند کلو میٹر کے فاصلے پر ایک محدود آفس کی سطح پر مزید خدمت مرکز قائم کرنا نہ صرف غیر ضروری اقدام ہے بلکہ اس سے سرکاری وسائل اور افرادی قوت کے ضیاع کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے موجود مرکز کو مزید فعال اور سہولیات سے آراستہ بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے تاکہ عوام کو بہتر خدمات میسر آ سکیں۔


شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جائے اور سرکاری وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔


واضح رہے کہ ڈی آئی جی میرپور رینج کمران علی نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس کے آفس میں قائم ہونے والے پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں