میرپور، ایک چور تین وارداتیں، نرالا طریقہ واردات
میرپور /31 مئی 2026/ عیدالاضحیٰ کے دوران میرپور کے پوش علاقے سیکٹر سی ون میں معروف تاجر حاجی ذوالفقار کے گھر ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی چوری کی واردات کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات میں ملوث نامعلوم چور نے انتہائی منصوبہ بندی اور مہارت کے ساتھ کارروائیاں انجام دیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیکٹر سی ون میں ہونے والی بڑی چوری سے قبل ملزم نے سیکٹر ایف ٹو کے دو مختلف گھروں کو بھی نشانہ بنایا۔ ان میں سے ایک گھر سے اسے کچھ حاصل نہ ہو سکا جبکہ دوسرے گھر سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی چوری کیے جانے کی اطلاع ہے۔ یہ وارداتیں 27 اور 28 مئی کو پیش آئیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ تینوں وارداتوں کے بعد ایک ہی حلیے کا شخص متعلقہ گلیوں سے جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے، جس کے باعث تفتیشی اداروں کو شبہ ہے کہ تمام وارداتیں ایک ہی ملزم نے کی ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ نامعلوم چور گھروں کی طویل غیر موجودگی کا اندازہ لگانے کے لیے ایک منفرد طریقہ واردات اختیار کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کسی گھر کو نشانہ بنانے سے قبل دروازے کے لاک یا تالے کے قریب ایک باریک کاغذی پرچی رکھ دیتا تھا۔ اگلے روز اگر پرچی اپنی جگہ موجود رہتی تو وہ اس نتیجے پر پہنچتا کہ گھر کے مکین کئی روز سے غیر حاضر ہیں اور دروازہ استعمال نہیں ہوا۔ گھر والوں کی عدم موجودگی کی مکمل تسلی کے بعد وہ منصوبہ بندی کے تحت واردات کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم چور نے سیکٹر سی ون میں واقع حاجی ذوالفقار کے گھر سے طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان چوری کیا، جس کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے