مظفرآباد، ہوائی فائرنگ کے شوق نے معصوم بچے کی جان لے لی
ہوائی فائرنگ کا ایک اور شکار، شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، 8 سالہ حیدر علی جاں بحق
مظفرآباد (نامہ نگار) شہرِ اقتدار مظفرآباد ایک بار پھر ہوائی فائرنگ کی جان لیوا روایت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ شادی کی ایک تقریب میں کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ نے ایک اور معصوم جان نگل لی اور خوشیوں کا ماحول اچانک غم و اندوہ میں تبدیل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پلیٹ کے علاقے میں لال قلعہ کے قریب منعقدہ ایک شادی کی تقریب کے دوران چلائی گئی گولی 8 سالہ حیدر علی ولد احسن ملک کو جا لگی۔ شدید زخمی حالت میں بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔
مرحوم کی نماز جنازہ یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔