واپس جائیں

میرپور: منگلا ڈیم میں ڈوبنے سے دو نوجوان جاں بحق، گھرانوں میں کہرام

02 Jun 2026, 06:37 AM
میرپور: منگلا ڈیم میں ڈوبنے سے دو نوجوان جاں بحق، گھرانوں میں کہرام

میرپور (میرپور سٹی رپورٹر) میرپور سے انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے جہاں منگلا ڈیم میں ڈوبنے کے باعث دو نوجوان جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد دونوں خاندانوں میں صفِ ماتم بچھ گئی۔


تفصیلات کے مطابق پاوندا واٹر ریسکیو کی ٹیم نے آج صبح سویرے منگلا ڈیم کے بوہڑ کالونی کے مقام پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں۔


جاں بحق ہونے والوں میں حسنین ولد طارق محمود (عمر 15 سال)، رہائشی سیکٹر سی تھری اور عبداللہ ناصر ولد ناصر (عمر 15 سال)، رہائشی سیکٹر سی فور شامل ہیں۔


ریسکیو اہلکاروں نے دونوں نوجوانوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے ایس ایچ او تھانہ تھوتھال کے حوالے کر دیں۔ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بھی معاونت فراہم کی۔


ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان منگلا ڈیم میں نہاتے ہوئے گہرے پانی اور تیز لہروں کی زد میں آ گئے تھے، جس کے نتیجے میں وہ ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے کارروائی شروع کی، تاہم دونوں نوجوانوں کو بچایا نہ جا سکا۔


اس المناک حادثے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ اہلِ علاقہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرمیوں کے موسم میں ڈیم اور دیگر آبی مقامات پر نہاتے وقت انتہائی احتیاط برتی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں