واپس جائیں

آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا

02 Jun 2026, 10:03 AM
آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا

مظفرآباد(نامہ نگار)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ریاست بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کی منظوری دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔سرمائی تعلیمی


 اداروں میں معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔


 جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 8 جون 2026 سے 9 اگست 2026 تک موسم گرما کی تعطیلات کے باعث بند رہیں گے۔


سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی اور موسمی حالات کے پیش نظر طلبہ و طالبات، اساتذہ اور دیگر تعلیمی عملے کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعطیلات کا اطلاق ریاست کے تمام سرکاری و نجی سکولوں اور تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے 10 اگست 2026 سے دوبارہ معمول کے مطابق کھلیں گے اور تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی تعلیمی افسران، ڈویژنل ڈائریکٹرز، سربراہان ادارہ جات اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔تعلیمی حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث طلبہ کی صحت اور تعلیمی ماحول کو درپیش مشکلات کے پیش نظر موسم گرما کی تعطیلات ناگزیر تھیں۔ والدین اور اساتذہ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ تعطیلات کے دوران طلبہ اپنی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں گے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کی نقول چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ڈویژنل کمشنرز، تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈائریکٹر کالجز، چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور اور دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ ہر سال موسم گرما کے دوران ریاست بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے طلبہ و طالبات کو محفوظ رکھا جا سکے اور نئے تعلیمی سیشن کی تیاری کے لیے اداروں کو مناسب وقت میسر آ سکے۔سرمائی تعلیمی ادا روں میں معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں