آزادکشمیر کے سابق وزیرجاوید بٹ کی سرکاری گاڑی ضبط
مظفرآباد(نامہ نگار)سرکاری وسائل کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف مظفرآباد انتظامیہ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ کے زیر استعمال سرکاری گاڑی نمبر G-555 ضبط کر کے ٹرانسپورٹ پول میں جمع کروا دی۔
ذرائع کے مطابق یہ گاڑی ایک طویل عرصے سے جاوید بٹ کے پاس موجود تھی، جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کے واضح احکامات کے باوجود گاڑی کی واپسی میں مبینہ طور پر تاخیر اور ٹال مٹول کی شکایات سامنے آ رہی تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد حماد بشیر نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی تحویل میں لے لی، جس کے بعد انتظامی حلقوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ شہری حلقوں میں یہ سوال بھی گردش کر رہا ہے کہ سرکاری احکامات کے باوجود ایک سرکاری گاڑی طویل عرصے تک نجی تحویل میں کیسے رہی؟
عوامی حلقوں نے کارروائی کو سرکاری خزانے اور قومی املاک کے تحفظ کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری وسائل کے استعمال کا شفاف آڈٹ کیا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔