میرپور، ایڈیشنل چیف وارڈن کی متنازعہ تقرری، شہری دفاع کے رضاکاروں نےاستعفے دے دیئے
میرپور (19 اکتوبر 2026) شہری دفاع ضلع میرپور میں ایڈیشنل چیف وارڈن کی تعیناتی کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔ چیمبر آف کامرس میرپور کے سابق صدر عمر شہزاد جرال کی بطور ایڈیشنل چیف وارڈن تعیناتی کے خلاف شہری دفاع کے 15 رضاکاروں نے استعفے دے دیے، جس کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔ تنازع کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر میرپور کے دفتر میں منعقد ہونے والی حلف وفاداری کی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق عمر شہزاد جرال کی بطور ایڈیشنل چیف وارڈن تعیناتی پر مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ تعیناتی کے خلاف رضاکاروں کے استعفوں اور تقریب کی منسوخی کے بعد شہری دفاع کے انتظامی امور سے متعلق صورتحال پر سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔