واپس جائیں

ڈی ایچ کیو میرپور میں سٹی سکین معاملہ، توہین عدالت کا انکشاف

19 Oct 2026, 12:41 PM
ڈی ایچ کیو میرپور میں سٹی سکین معاملہ،  توہین عدالت کا انکشاف

میرپور (19 اکتوبر 2026) محکمہ صحت آزاد کشمیر اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور میں قائم ایڈوانس سٹی سکین کے معاملے پر سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے الزامات سامنے آ گئے۔ عدالتی فیصلے کے باوجود ٹینڈر جاری نہ ہونے اور ہسپتال میں سٹی سکین کی تنصیب کے حوالے سے مبینہ اقدامات نے معاملے کو ایک بار پھر متنازع بنا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے 2 دسمبر 2024 کو رٹ پٹیشن بعنوان عبدالشکور بنام ڈاکٹر عامر عزیز میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں قائم ایڈوانس سٹی سکین کی تنصیب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو دو ماہ کے اندر قواعد و ضوابط کے مطابق اخبارات میں اشتہار جاری کرکے ٹینڈر طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود محکمہ صحت آزاد کشمیر تاحال ٹینڈر جاری کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے باعث سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں موجودہ سٹی سکین کی جگہ خالی کرانے اور باقاعدہ ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کے بجائے مبینہ طور پر متعلقہ پارٹی کو ہسپتال کی ایمرجنسی کے قریب نئے سرے سے سٹی سکین سسٹم نصب کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ معاملہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے مزید قانونی سوالات کو جنم دے سکتا ہے۔یاد رہے کہ اسی مقدمے میں محکمہ صحت کے متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے سپریم کورٹ میں تحریری معافی بھی مانگے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی صورت حال واضح کی جائے اور سٹی سکین کی تنصیب و ٹینڈرنگ کے معاملے میں قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنائی جائے۔


نوٹ: اس معاملے پر محکمہ صحت آزاد کشمیر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور کا مؤقف سامنے آنا بھی ضروری ہے تاکہ خبر کے تمام پہلوؤں کی مکمل وضاحت ہو سکے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں