سابق وزیراعظم کے گھر چوری کی واردات، لسکھوں روپے کا سامان غائب
راولپنڈی : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات میں چور لاکھوں روپے مالیت کا سامنے لے گئے ،راجہ پرویز اشرف کی راولپنڈی کے علاقے جاتلی کے ڈھوک امب میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ سے لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان چوری کیا گیا۔ مقدمہ راجہ پرویز اشرف کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کیا گیا ہے۔ متنِ مقدمہ کے مطابق مدعی جب رہائش گاہ پہنچا تو وہاں تعینات گھریلو ملازم علی اکبر موجود نہیں تھا۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں تھا اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق رہائش گاہ کے کمروں اور مختلف مقامات کی جانچ پڑتال کے دوران تین ایٔر کنڈیشنر، دو دروازے، کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیا اور گھاس کاٹنے والی مشین سمیت دیگر سامان غائب پایا گیا، جبکہ گھر کے مختلف مقامات پر تالے بھی ٹوٹے ہوئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں ایک اور گھریلو ملازم محمد زادہ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تاہم، دستیاب اطلاعات کے مطابق ان کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی