,مظفرآباد، جیپ حادثہ، 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے
مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے میں مسافر جیپ گہری کھائی میں گرنے سے گاڑی میں سوار تمام 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مظفرآباد کے نواحی علاقے شکر پٹیاں میں مسافر جیپ گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں تمام 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے بھی حادثے میں 7 افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق گھاس سے لدی جیپ پر 2 بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔ دشوار گزار راستے پر ڈرائیور جیپ پر قابو نہیں رکھ سکا، جس کے باعث گاڑی گہری کھائی میں جاگری۔حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردیں۔حکام نے ڈرائیور عبدالوحید سمیت تمام 7 افراد کی موت کی تصدیق کر دی۔ گھاس سے لدی جیپ شکرپٹیاں سے سیری درہ جا رہی تھی۔ گاڑی پر سوار کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا