گوجرانولہ، شادی سے انکار پر دلہن کا قتل، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار
گوجرانوالہ : گوجرانولہ میں شادی سے انکار پر ولیمے کے روز دلہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ افسوسناک واقعہ تھانہ اروپ کے علاقے گلشن کالونی میں پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں نے ولیمے سے واپس آنے والی گاڑی روک کر دلہن کو باہر نکالا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اہلخانہ کے مطابق سرفراز نامی شخص نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر صبا کو قتل کیا اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم سرفراز نے شادی سے انکار اور کسی دوسرے شخص سے شادی کرنے پر صبا سے مبینہ طور پر بدلہ لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔