کئی دنوں سے لاپتہ نوجوان کی لاش آزاد پتن دریا سے برآمد
چناری (کشمیر نامہ) جہلم ویلی میں لاپتہ نوجوان کی لاش آزاد پتن کے مقام پر دریا سے ملی ہے ۔تفصیلات کے مطابق لیپا کے گاؤں تلہ واڑی سے تعلق رکھنے والے ممتاز میر جو چند دنوں سے مبینہ طور پر لاپتہ تھے، ان کی میت آزاد پتن کے مقام سے مل گئی، اہل خانہ کی تصدیق کے بعد حکام نے نعش ورثاء کے حوالے کردی،جس کے بعدمرحوم کی نماز جنازہ بروز پیر،ان کے آبائی گاؤں تلہ واڑی میں ادا کی گی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،مرحوم کو آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا،اس واقعہ کی تاحال کوئی بھی وجہ سامنے نہیں آ پائی، جس کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، دوسری طرف جہلم ویلی کے علاقہ نانڈر کے رہائشی محمد مسعود خان چار مارچ کو اپنے گھر سے ضلع باغ جانے کے لیے روانہ ہوئے،کئی روز گزر جانے کے باوجود ان کا بھی تاحال کوئی سراغ نہیں مل پایا،اہل خانہ کے مطابق محمد مسعود خان معمول کے مطابق گھر سے ضلع باغ جانے کے لیے نکلے تھے لیکن اس کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا،موبائل مکمل طور پر بند ہے، اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف مقامات پر تلاش بھی کی مگر ان کا کہیں پتہ نہیں چل پایا،جس کے باعث گھر والوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے،اہل خانہ ،مقامی لوگوں نے انتظامیہ، پولیس سے اپیل کی ہے کہ محمد مسعود خان کی گمشدگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کی تلاش کے لیے موثر اقدامات کرے تاکہ وہ بحفاظت گھر پہنچ پائیں۔