واپس جائیں

مظفرآباد، جنگلی سور کے حملے سے نوجوان زخمی

16 Mar 2026, 12:23 PM
مظفرآباد، جنگلی سور کے حملے سے نوجوان زخمی
چناری (کشمیر نامہ)جہلم ویلی کی تحصیل چکارکے علاقے کوٹلی میں دن کے اجالے میں جنگلی سور کے حملے میں 16 سالہ لڑکا شدید زخمی ، علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی، شہریوں نے انسانی جانوں و مال کو بچانے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق چکار کے علاقہ کوٹلی کے رہائشی سولہ سالہ سفیان ولد منظور عباسی اپنے گھر کے صحن میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک ایک جنگلی سور گھر میں داخل ہو کر حملہ آور ہو گیا،جس کے باعث سفیان منظور شدید زخمی ہو گئے اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے، مقامی افراد نے فوری طور پر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا،واقعہ کے بعد علاقے کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، لوگ اپنی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں،مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دن کے وقت جنگلی جانوروں کا آبادی میں داخل ہونا انتہائی تشویشناک امر ہے، جس سے بچوں، خواتین اور بزرگوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں،یاد رہے کہ ضلع جہلم ویلی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کچھ عرصے سے جنگلی سور اور دیگر درندہ صفت جانوروں کی آبادیوں میں آمد کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے، مگر متعلقہ محکمہ اس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی عدم توجہی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو مسلسل خطرات لاحق ہیں،اہل علاقہ نے حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر آبادیوں میں داخل ہونے والے جنگلی جانوروں کو قابو کرنے، ان کی نقل و حرکت روکنے ، متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کو روکتے ہوئے انسانی جان و مال کو محفوظ بنایا جائے۔