واپس جائیں

کشمیر کونسل کی چار نشستوں کے لیے کاغذات جمع

01 Oct 2026, 02:24 PM
کشمیر کونسل کی چار نشستوں کے لیے کاغذات جمع

مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر میں کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ آزاد کشمیر کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 3 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں میں ضلع باغ سے سابق وزیر مشتاق منہاس، ضلع میرپور سے چوہدری سعید اور ضلع مظفرآباد سے چوہدری منظور شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی، صدر مسلم لیگ (ن) شاہ غلام قادر، سابق وزیرِ اعظم راجہ فاروق حیدر، اور وزرائِ حکومت سردار میر اکبر و محترمہ نورین عارف سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق سپیکر چوہدری لطیف اکبر کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے۔ اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی و قائدِ حزبِ اختلاف چوہدری یاسین، اور اراکینِ اسمبلی سردار مختار، چوہدری قاسم مجید اور زوبیہ خورشید راجہ موجود تھے۔ تمام امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی سیکرٹری الیکشن کمیشن شیخ ایاز بشیر کے پاس جمع کرائے۔ مقررہ قواعد کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ اگرچہ ضابطے کے تحت 5 ستمبر کو اعتراضات نمٹائے جانے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اراکینِ اسمبلی کو اپنے ووٹ کے ذریعے کونسل اراکین کا انتخاب کرنا تھا، تاہم دونوں جماعتوں کے مابین باہمی رضامندی کے باعث کسی قسم کے اعتراضات نہ آنے کی صورت میں تمام چاروں امیدواروں کو بلا مقابلہ کشمیر کونسل کا رکن منتخب قرار دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں