کوٹلی، فائرنگ واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے
سیری : آزاد کشمیر کے علاقے کھوئیرٹہ میں تھانہ پولیس کی حدود میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے، جبکہ فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسمی شباب وحید ولد محمد وحید (ساکن گھوڑا) اپنے گھر میں والدین کے ساتھ مبینہ طور پر شدید لڑائی جھگڑا کر رہا تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزم کے والد نے فوری طور پر تھانہ پولیس کھوئیرٹہ کو واقعے کی اطلاع دی اور مدد طلب کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جب جھگڑا روکنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موقع پر پہنچے، تو ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر پسٹل نکال کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار پاؤں میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز کی نگرانی میں انہیں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے ممکنہ ٹھکانوں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو بہت جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔