حکومت آزادکشمیر نے عیدالاضحٰی کی سرکاری تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا
مظفرآباد(نامہ نگار) حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے عیدالاضحیٰ 2026ء کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 25 مئی سے 29 مئی 2026 تک عیدالاضحیٰ کی تعطیلات ہوں گی، جس دوران تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
عیدالاضحیٰ مسلمانوں کے عظیم مذہبی تہواروں میں سے ایک ہے، جو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال قربانی، اطاعت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ایثار کی یاد تازہ کرتی ہے۔ اس بابرکت موقع پر مسلمان سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی پیش کرتے ہیں اور اپنے عزیز و اقارب سمیت غریب و نادار افراد کے ساتھ خوشیاں بانٹتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے تعطیلات کے اعلان کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ شہریوں نے عید کی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ بازاروں، مویشی منڈیوں اور شاپنگ مراکز میں خریداروں کا رش بڑھنے لگا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ صرف قربانی کا نام نہیں بلکہ بھائی چارے، محبت، ایثار اور باہمی ہمدردی کا عملی درس بھی دیتی ہے۔
مذہبی و سماجی حلقوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر صفائی، نظم و ضبط اور مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ عید کی حقیقی خوشیاں معاشرے کے ہر فرد تک پہنچ سکیں۔دوسری جانب حکومتی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنشنرز اور ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔