اسلام آباد، سابق سفیر کی بیٹی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا میں پریڈ گراؤنڈ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں سابق سفیر ایاز وزیر کی صاحبزادی ریان وزیر جاں بحق ہوگئیں۔ مرحومہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کی طالبہ تھیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بلیو ایریا میں ایک نجی دفتر کے قریب پیش آیا، جہاں گاڑی دورانِ ڈرائیونگ بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریان وزیر کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ بعد ازاں میت کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔
حادثے کی خبر سن کر سیاسی، سماجی اور تعلیمی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جوان بیٹی کی ناگہانی موت اہلِ خانہ، دوستوں اور عزیز و اقارب کے لیے ایک ناقابلِ برداشت صدمہ قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے دورانِ سفر موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل
آمین۔