واپس جائیں

مظفرآباد، 2 حوالاتی ملزم پولیس تحویل سے فرار

04 Jun 2026, 09:59 AM
مظفرآباد، 2 حوالاتی ملزم  پولیس تحویل سے فرار

مظفرآباد (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ کورٹ مظفرآباد کے بخشی خانے سے پیشی کے لیے لائے گئے دو قیدی حوالاتی ملزمان کے مبینہ فرار کے واقعہ نے عدالتی سکیورٹی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی اطلاعی رپورٹ کے مطابق 3 جون 2026 کو جوڈیشل کمپلیکس مظفرآباد میں عدالت پیشی کے بعد حوالاتی ملزمان کو واپس لے جانے کے دوران گنتی اور پڑتال پر دو قیدی کم پائے گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر اعلیٰ پولیس حکام کو آگاہ کیا گیا جبکہ موقع پر افسران نے پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔رپورٹ کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان میں شہریار بھٹی ولد سائیں محمد اور اویس خورشید ولد محمد خورشید شامل ہیں، جو مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں جوڈیشل حراست میں تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان بخشی خانے سے موقع پا کر فرار ہوئے۔ابتدائی رپورٹ میں بخشی خانے پر مامور پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات عملے کی ذمہ داری تھی کہ حوالاتیوں کی نگرانی اور عدالت پیشی کے دوران مکمل حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
واقعہ کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر عدالت جیسے حساس مقام سے ملزمان فرار ہو سکتے ہیں تو عام شہریوں کی حفاظت کے انتظامات پر بھی سوال اٹھتے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔قانونی ماہرین کے مطابق زیر حراست ملزمان کی نگرانی میں کوتاہی نہ صرف محکمانہ غفلت کا معاملہ ہے بلکہ قانون کے تحت ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جوڈیشل کمپلیکس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں