محسن نقوی کی ہدایت، اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے روکے گئے ادویات کے کنٹینرز فوری ریلیز کرنے کا حکم
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کے پیش نظر مختلف مقامات پر کنٹینرز پکڑے جانے کے دوران ادویات سے لدے کنٹینرز بھی تحویل میں لیے جانے کی اطلاع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں ریلیز کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا پر ادویات کے کنٹینرز روکے جانے کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کا فوری نوٹس لیا اور اس معاملے پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادویات سے لدے کنٹینرز اور گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے اور انہیں کسی صورت نہ روکا جائے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ میڈیسن کے کنٹینرز اور گاڑیوں کو کسی صورت نہیں روکا جائے گا، جبکہ متعلقہ پولیس اور انتظامی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے جاری احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے ادویات کی ترسیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملے پر فوری کارروائی کی تاکید کی ہے