میرپور، ڈی ایس پی سٹی کی بہترین حکمت عملی، اندھا قتل 24 گھنٹوں میں ٹریس
میرپور/3 نومبر 2026ء/ منگلا ڈیم سے ملنے والی لاپتہ نوجوان وقاص الطاف کی لاش کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر مبینہ قتل میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کا آپس میں حقیقی بھائیوں کا رشتہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سٹی سکندر اعظم اور ایس ایچ او تھانہ سٹی فیصل صدیق نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ پولیس مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے اندھے قتل کی تفتیش آگے بڑھائی اور قلیل وقت میں ملزمان تک رسائی حاصل کر لی۔ پولیس نے گرفتار ملزمان عیسیٰ اور رضوان سے مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار دونوں ملزمان کا تعلق کھاڑک نکہ سے بتایا جاتا ہے۔ 24 گھنٹوں کے اندر قتل کے اس مقدمے میں اہم پیش رفت کو پولیس کی تفتیشی کارروائی میں اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔