واپس جائیں

وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم؛ رجسٹریشن کا ایس ایم ایس اب بالکل مفت کردیا گیا

17 Sep 2026, 04:32 PM
وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم؛ رجسٹریشن کا ایس ایم ایس اب بالکل مفت کردیا گیا

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر غریب اور متوسط طبقے کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس بالکل مفت کردی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ، جس کا مقصد عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت پورے ملک میں عوام کو ریلیف پہنچایا جا رہا ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری بھی اس اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ حکام کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو پہلے REG لکھنا ہوگا، اس کے بعد اسپیس دے کر اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، گاڑی کی رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق رجسٹریشن کے لیے مذکورہ ایس ایم ایس سروس اب بالکل مفت کردی گئی ہے ، جس سے شہری بغیر کسی اضافی چارج کے فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کراسکیں گے۔ وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر بھی دستیاب ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں