آزاد کشمیر میں پراپرٹی ٹیکس میں کمی، نوٹیفیکیشن جاری
مظفرآباد(نامہ نگار) بورڈ آف ریونیو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے پراپرٹی ٹیکس اور سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح میں کمی کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت، تبادلے، ہبہ اور دیگر منتقلیوں پر نئی شرحیں نافذ کر دی گئی ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق Stamp Act 1899 کے تحت ٹرانسفر آف پراپرٹی سے متعلق مختلف آرٹیکلز میں ترمیم کرتے ہوئے عمومی طور پر سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح تین فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ کم از کم ڈیوٹی دو ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ نئی شرحیں کچھ اس طرح ہونگی،
آرٹیکل 23 (بیع نامہ)
زرعی اراضی اور شہری غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت کی صورت میں سٹیمپ ڈیوٹی تین فیصد مقرر کی گئی ہے، جس کی کم از کم حد دو ہزار روپے ہوگی۔ جائیداد کی مالیت کا تعین ویلوویشن ٹیبل کے مطابق کیا جائے گا۔
آرٹیکل 27-A (عدالتی ڈگری/آرڈر)،
عدالت کے فیصلے یا ڈگری کے ذریعے جائیداد کی منتقلی پر بھی تین فیصد سٹیمپ ڈیوٹی لاگو ہوگی، جو ویلوویشن کے مطابق ادا کی جائے گی۔آرٹیکل 31 (تبادلہ جائیداد)
جائیداد کے تبادلے کی صورت میں ویلوویشن کے مطابق زیادہ مالیت رکھنے والی جائیداد کو بنیاد بنا کر ڈیوٹی کا تعین کیا جائے گا، اور اس پر تین فیصد شرح (کم از کم دو ہزار روپے) لاگو ہوگی۔آرٹیکل 33 (ہبہ/گفٹ)
زرعی، شہری اور دیگر جائیداد کی بطور تحفہ منتقلی پر قریبی رشتہ داروں (والدین، میاں بیوی، اولاد، بہن بھائی، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں) کے لیے تین فیصد (کم از کم دو ہزار روپے) جبکہ بعض صورتوں میں دو فیصد (کم از کم پانچ سو روپے) سٹیمپ ڈیوٹی مقرر کی گئی ہے۔
آرٹیکل 63-A (ٹرانسفر لیٹرز)
ترقیاتی اداروں، میونسپل کارپوریشنز اور عدالتی یا دیگر دفاتر کے ذریعے جاری کردہ ٹرانسفر لیٹرز پر تین فیصد سٹیمپ ڈیوٹی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹریشن فیس محکمہ عدل و انصاف آزاد کشمیر کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور اس میں بھی مختلف دستاویزات کے لیے الگ الگ شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔جائیداد کی بیع یا تبادلے کی رجسٹریشن پر عمومی طور پر ایک فیصد فیس لاگو ہوگی،کم از کم فیس پچاس روپے مقرر کی گئی ہے۔
بعض دستاویزات پر مخصوص فیس جیسے 10 روپے یا 1000 روپے بھی لاگو ہو سکتی ہے، جو نوعیت کے مطابق ہوگی۔
غیر منقولہ جائیداد کی لیز اور بینکوں کے ساتھ مورگیج کے معاملات میں
مورگیج کی رقم ایک لاکھ روپے ہونے کی صورت میں سٹیمپ ڈیوٹی مخصوص تناسب سے ادا کی جائے گی۔کم از کم ڈیوٹی 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔