گلگت میں پولیس گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید
گلگت : ضلع دیامر کے علاقے تھور نالہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم علاقے میں کاشت کی گئی افیون کی فصل تلف کرنے کے لیے گئی ہوئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔