واپس جائیں

نیپال کا سابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ گرفتار

29 Mar 2026, 05:51 AM
نیپال کا سابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ گرفتار

کٹھمنڈو : نیپال میں نئی حکومت نے 'جنریشن زی' احتجاج کے دوران ہونے والے تشدد پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی سفارشات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے پی شرما اولی اور سابق وزیر داخلہ رمیش لیکھک کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان ابی نارائن کیفل کے مطابق یہ گرفتاریاں کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں انسانی حقوق کے احترام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ گزشتہ ستمبر میں سوشل میڈیا پر پابندی اور کرپشن کے خلاف ہونے والے 'جنریشن زی' احتجاج کے دوران 72 گھنٹوں میں کم از کم 76 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ انکوائری کمیشن کی لیک ہونے والی رپورٹ میں اس وقت کے وزیراعظم کے پی شرما اولی اور دیگر اعلیٰ حکام کو اس تشدد کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔ نو منتخب وزیراعظم بالیندر شاہ کی کابینہ نے پہلے ہی اجلاس میں اس رپورٹ پر عملدرآمد کی منظوری دی۔ گرفتاری کے بعد دارالحکومت کٹھمنڈو میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور کمیونسٹ پارٹی آف نیپال (یو ایم ایل) کے سینکڑوں حامیوں نے سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ یکطرفہ ہے کیونکہ اس میں صرف پہلے دن کے واقعات پر توجہ دی گئی ہے جبکہ دوسرے دن ریاستی اداروں کو لگائی جانے والی آگ اور جانی نقصان کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں