واپس جائیں

ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا

30 Mar 2026, 02:22 PM
ملک بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے جنوری میں جاری کیے گئے موسمی جائزے کے مطابق ہے، اور این ای او سی موسمیاتی خطرات کے حوالے سے چھ ماہ قبل پیشگی انتباہ جاری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے، جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، پشاور اور مردان سمیت بالائی و میدانی علاقوں میں بھی خراب موسم متوقع ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، بدین اور میرپورخاص جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب اور زیارت سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ ڈی جی خان، بنوں، کوہاٹ، سوات، دیر، وزیرستان اور چارسدہ سمیت کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے شہری علاقوں خصوصاً راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں بھی نکاسی آب کے مسائل کے باعث پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے نکاسی آب کے پیشگی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز ہواؤں کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو اپنی آفیشل موبائل ایپ''پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ''کے ذریعے بروقت معلومات حاصل کرنے کی بھی تاکید کی ہے

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں