واپس جائیں

میونسپل کارپوریشن میرپور کی بے حسی، شہر میں آوارہ کتوں اور مویشیوں کا راج

30 Mar 2026, 05:20 PM
میونسپل کارپوریشن میرپور کی بے حسی، شہر میں آوارہ کتوں اور مویشیوں کا راج

میرپور(کشمیر نامہ نیوز)میونسپل کارپوریشن میرپور نے میرپور کے شہریوں کو آوارہ جانوروں اور آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ گلی محلوں اور مین شاہراہوں پر دن رات آوارہ گردی کرنے والے ان جانوروں سے انسانی قیمتی جانیں، گاڑیاں، مساجد قبرستان اور قیمتی درخت بھی محفوظ نہ رہ سکے۔ آوارہ کتوں کی جانب سے خواتین بچوں اور جانوروں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔ 28 مارچ کو سیکٹر F/3 میں پیش آنیوالے ایک واقعے میں آوارہ کتوں نے دین محمد نامی محنت کش کی بکریوں پر حملہ کر دیا اور ایک بکری کو چیر پھاڑ کر ہلاک کر دیا ۔ اسی طرح گلی محلوں اور مین شاہراہوں پر سرعام گشت کرنے والے مویشی میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کی بے حسی اور پیشہ وارانہ فراءض کی انجام دہی میں مجرمانہ غفلت کی وجہ سے گھروں کے باہر کھیلتے بچوں اور راہ چلتی خواتین کو مارنے دوڑتے ہیں۔ یہ آوارہ جانور حالیہ دنوں میں متعدد قیمتی گاڑیوں اور موٹرسا ءیکلوں کو بھی نقصان پہنچا چکے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ آوارہ جانور مساجد اور قبرستانوں میں گھس کر مقدس مقامات کی بے حرمتی بھی کرتے ہیں جبکہ مین میرپور کوٹلی روڈ ، گلی محلوں اور پبلک مقامات پر لگے سرسبز درخت بھی انکے شر سے محفوظ نہیں ہیں۔ کشمیر نامہ سے گفتگو کرتے ہوءے شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کو آوارہ کتوں اور مویشیوں کے بارے میں کءی مرتبہ شکایات درج کروا چکے ہیں مگر انکی بے حسی اور عدم دلچسپی جوں کی توں ہے۔ انسانی جانوں اور دیگر املاک کے لیے خطرناک ان آوارہ مویشیوں اور کتوں کی آوارہ گردی کو کنٹرول کرنا میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ متعدد مرتبہ گلی محلوں میں جانوروں کی موجودگی کے وقت بھی شکایات کی گءیں مگر موقع پر کبھی کوءی اہلکار نہیں آیا۔ یہ آوارہ جانور دن رات ٹولیوں کی صورت میں دندناتے پھرتے ہیں شہریوں نے کمشنر میرپور اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں