واپس جائیں

برسالی قتل کیس کے متاثرین میرپور پولیس کے خلاف پھٹ پڑے

01 Apr 2026, 11:46 AM
برسالی قتل کیس کے متاثرین میرپور پولیس کے خلاف پھٹ پڑے

میرپور میں برسالی کے اندوہناک ٹرپل قتل کیس کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری نے پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے۔ انصاف کے منتظر ورثاء نے ایک بھرپور اور سخت لہجے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نہ صرف ناکام ہو چکی ہے بلکہ مبینہ طور پر قاتلوں کی پشت پناہی بھی کر رہی ہے۔


پریس کانفرنس میں مقتولین کے لواحقین آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ دو ماہ گزر جانے کے باوجود نہ تو ملزمان گرفتار ہوئے اور نہ ہی پولیس نے کوئی ایسی پیش رفت دکھائی جس سے انصاف کی امید بندھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ کو شک ہے کہ قتل ہوئے بھی ہیں یا نہیں تو وہ خود آ کر دیکھ لے کہ آٹھ سے زائد معصوم بچے یتیم ہو چکے ہیں اور خاندان تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔


ورثاء نے انکشاف کیا کہ انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، مگر ہر جگہ سے مایوسی ہی ہاتھ آئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کیس کے مبینہ سہولت کار نصرت ٹھاکر کی ضمانت پر رہائی کے بعد جشن منایا گیا اور حیران کن طور پر دو وزراء نے اس کا پھولوں سے استقبال کیا، جو انصاف کے نظام پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔


پریس کانفرنس میں محمد حنیف نے انتہائی سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی نے انہیں فون کر کے دھمکی دی کہ اگر انہوں نے پریس کانفرنس کی تو پورا کیس الٹ پلٹ کر دیا جائے گا۔ اسی طرح متعلقہ ایس ایچ او کی جانب سے بھی مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں، جس سے متاثرہ خاندانوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔


اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے ورثاء کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پولیس پر مکمل عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے کیے گئے ہر ریڈ پر انہوں نے اپنی جیب سے لاکھوں روپے خرچ کیے، مگر اس کے باوجود کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔


ورثاء اور علاقہ مکینوں نے حکومت اور انتظامیہ کو واضح انتباہ دیتے ہوئے دس دن کی ڈیڈ لائن دے دی ہے کہ اگر اس عرصے میں ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا اور انصاف فراہم نہ کیا گیا تو چوک شہیداں میں بھرپور احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔


مظاہرین نے ایس ایس پی کے فوری تبادلے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس سے انصاف کی کوئی امید باقی نہیں رہی اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں