واپس جائیں

توہین عدالت کیس، ہائی کورٹ آزاد کشمیر نے سیکرٹری ہیلتھ کو طلب کر لیا

01 Apr 2026, 11:49 AM
توہین عدالت کیس، ہائی کورٹ آزاد کشمیر نے سیکرٹری ہیلتھ کو طلب کر لیا

مظفرآباد(نامہ نگار)عدالت العالیہ آزاد کشمیر کا سیکرٹری صحت عامہ کو توہین عدالت کیس میں طلبی کا حکم، عدالت العالیہ نے محکمہ صحت کے سیکرٹری صحت عامہ آزاد حکومت کو توہین عدالت کی کارروائی میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے متعلقہ افسر کو 6 اپریل 2026 کو اصالتاً پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔


تفصیلات کے مطابق ہٹیاں بالا میں محکمہ صحت کی خالی آسامیوں پر ہونے والی تقرریوں کے بعد متاثرہ امیدواروں نے تعینات ہونے والے افراد کی تعلیمی اسناد کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا۔ عدالت العالیہ نے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو اسناد کی تصدیق (ویریفکیشن) کے لیے دو ماہ کا وقت دیا تھا، تاہم تین ماہ گزرنے کے باوجود عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دی۔عدالت العالیہ کے معزز جج جسٹس خالد رشید نے شمیم اختر کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری صحت عامہ برگیڈیئر عامر ٹیپو کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔


درخواست گزار شمیم اختر کی جانب سے نوجوان قانون دان حماد مشتاق جنجوعہ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا، جبکہ محکمہ صحت کی نمائندگی لیگل ایڈوائزر نے کی۔


عدالت کی جانب سے سخت نوٹس لیے جانے کو سرکاری اداروں میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ سماعت میں سیکرٹری صحت عامہ کی پیشی کے بعد کیس میں مزید قانونی پیش رفت متوقع ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں