میرپور میں غیر قانونی پلازے کی تعمیر پر سپریم کورٹ کا سخت ایکشن
میرپور/01 اپریل 2026/ روبکار بنام میئر میونسپل کارپویشن میرپور کیس کی سماعت،ویوپوائنٹ پارک اراضی کی واگزاری کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر معزز سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر میں رپورٹ پیش، کھوکھا جات کے نام پر کرائے وصول کرنیوالوں کا ٹرائل کرنے،اور سخت کارروائی کا عندیہ دیدیا،رہائشی پلاٹ پر کمر شل پلازہ کی تعمیر پر سخت نوٹس،ڈائر یکٹر جنرل ایم ڈی اے محمود راٹھور،اسٹیٹ آفیسر چوہدری امجد اقبال،ٹاؤن پلانر محمد سلیمان و دیگر متعلقین کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز جاری اور،جواب طلب ،سپریم کورٹ کا ویو پوائنٹ پارک کی اصل حالت میں بحالی،آفیسر کلب کو فعال بنانے،اور گرین بیلٹس پر شجر کاری کرنے کی ہدایات بھی جاری،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس آزا دجموں و کشمیر جسٹس راجہ محمد سعید اکرم خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے تین رکنی فل بینچ جن میں سینئر جج جسٹس رضا علی خان،جسٹس خا لد یوسف چوہدری بھی شامل تھے نے روبکار بنام میئر میونسپل کارپوریشن میرپور کیس کی سماعت کی،سماعت کے دوران میونسپل کارپوریشن میرپور کی جانب سے ویوپوائنٹ پارک کی بحالی،اراضی واگزاری،کھوکھا جات کے خاتمہ کے حوالے سے قبل ازیں معز ز سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر کے احکامات پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی،جس کے بعد سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے میئر میونسپل کارپویشن عثمان علی خالد و دیگر آفیسرز کی کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ویو پوائنٹ پارک کی مزید بحالی کیلئے اقدامات جاری رکھنے کیلئے احکامات دیتے ہوئے میرپور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے احکامات صادر کر تے ہوئے شہر کی باقی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی،اور میئر میونسپل کارپوریشن کو حاضری سے اصالتاًًاستثنیٰ دیتے ہوئے عوامی مسائل کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی،معزز سپریم کورٹ نے کھوکھا جات کے نام پر کرایہ جات وصول کرنے والے مافیا کیخلاف کارروائی کر نے کا بھی عندیہ دیدیا،معزز سپریم کورٹ نے سیپٹک ٹینک کی جگہ پر پلاٹ کی الاٹمنٹ پر بھی شدید اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن پلانر ایم ڈی اے چوہدری سلیمان کی سرزنش کی،جبکہ ڈپٹی کمشنر میرپور راجہ صداقت اورمتعلقین و دیگر کو آفیسر کلب میرپورکی بحالی کیلئے فوری اقدامات کرنے کے احکامات دیتے ہوئے شجر کاری کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں،سماعت کے دوران صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور بابر علی خان ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے نوٹس میں یہ بات لائی کہ میرپور کی اکثریت بیرون ملک مقیم ہے،ایم ڈی اےکی جانب سے الگ الگ ماسٹر پلان،سیکٹر پلان و دیگر پلان مرتب کئے گئے ہیں،جس کے باعث الاٹیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،سپریم کورٹ نے معاملہ کا نوٹس لے لیا،سماعت کے دوران معززسپریم کورٹ آف آزا دجموں و کشمیر کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر کے قبل ازیں جاری شدہ احکامات جن کے مطابق رہائشی پلاٹس پر کمر شل پلازوں کی تعمیر پر پابند ی عائد ہے،کی خلاف ورزی کر تے ہوئے ٹیوٹا آزاد موٹرز کی عمارت تعمیر کی جارہی ہے،چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان کے استفسار پر ایم ڈی اے اسٹیٹ آفیسر چوہدری امجد اقبال نے عدالت کو بتا یا کہ تعمیرات کو رکوا دیا گیا ہے،اس موقع پر معزز سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے،ڈائر یکٹر جنرل ایم ڈی اے محمود ممتاز راٹھور، اسٹیٹ آفیسرچوہدری امجد اقبال،ٹاؤن پلانر چوہدری محمد سلیمان و دیگر متعلقین کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر جواب طلب کرلیاہے۔ میرپور کےعوامی و سماجی حلقو ں نے معزز عدالت العظمیٰ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری شدہ احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے میرپور شہر کے ماسٹر پلان کی بحالی کے اقدامات پر معزز سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔