واپس جائیں

آزاد کشمیر میں ادویات کی فروخت کے حوالے سے اہم فیصلہ

03 Apr 2026, 06:41 PM
آزاد کشمیر میں ادویات کی فروخت کے حوالے سے اہم فیصلہ

مظفر آباد:آزاد کشمیر میں ایسی ادویات کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے جن کی میعاد (Expiry) میں 6 ماہ سے کم وقت رہ گیا ہو۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) مظفرآباد ڈاکٹر نعمان منظور بٹ کی زیر صدارت ضلع کے ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادویات کی محفوظ فراہمی اور ڈرگ ایکٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے کئی انقلابی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کی انتظامی ذمہ داریاں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر راجہ لیاقت علی خان نے سرانجام دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس ادویات بشمول میسوپروسٹول (Misoprostol)، ٹیبلٹ پریگابالین (Pregabalin) اور نارکوٹکس (نشہ آور ادویات) کی فراہمی صرف ڈرگ سیلز لائسنس نمبر 11 کے حامل میڈیکل اسٹورز کو کی جائے گی اور ان کا مکمل ریکارڈ رکھنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں ایسی ادویات کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے جن کی میعاد (Expiry) میں 6 ماہ سے کم وقت رہ گیا ہو۔ ڈاکٹر نعمان منظور بٹ نے ہدایت کی کہ لائف سیونگ ادویات اور ویکسینز کے لیے کولڈ چین مینجمنٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادویات کی ترسیل کے دوران گاڑیوں میں اے سی (AC) کا فنکشنل ہونا ضروری ہے تاکہ درجہ حرارت برقرار رہے اور دوا کی افادیت متاثر نہ ہو۔ ڈی ایچ او نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ:غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔مصنوعی قلت پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے فیل ہونے والی ادویات کو فوری طور پر مارکیٹ سے تلف کرنا ڈسٹری بیوٹرز کی ذمہ داری ہوگی۔ تمام ہول سیلرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اسٹاک، لین دین اور بل وارنٹی کا مکمل ریکارڈ تیار رکھیں اور ڈرگ انسپکٹر کے ساتھ دورانِ معائنہ مکمل تعاون کریں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مظفرآباد میں ادویات کی فراہمی کے نظام کو مکمل طور پر شفاف اور قانون کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں