واپس جائیں

ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل تک بارشوں کا الرٹ جاری

11 Apr 2026, 03:50 PM
ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل تک بارشوں کا الرٹ جاری

اسلام آباد :نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں 12 اپریل سے 17 اپریل تک ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال جنوری میں جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جبکہ اپریل سے جون تک کے ممکنہ موسمی حالات کا تفصیلی جائزہ بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق 12 سے 17 اپریل کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق بالائی علاقوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں جیسے مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 13 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوا، گرج چمک اور ژالہ باری سے کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ بارشوں کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو کر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں