واپس جائیں

میرپور، آوارہ جانوروں کے خلاف آپریشن۔ درجنوں ضبط۔مالکان کے خلاف مقدمہ درج

22 Sep 2026, 12:25 PM
میرپور، آوارہ جانوروں کے خلاف آپریشن۔ درجنوں ضبط۔مالکان کے خلاف مقدمہ درج

میرپور،22 ستمبر2026: میونسپل کارپوریشن میرپور کے میئر چوہدری عثمان علی خالد کی ہدایت پر شہر میں آوارہ جانوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ بار بار کی وارننگ کے باوجود جانوروں کو کھلا چھوڑنے اور انہیں کنٹرول نہ کرنے پر 9 مالکان کے خلاف مقدمات کے اندراج کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ درجنوں آوارہ جانوروں کو پکڑ کر میونسپل کارپوریشن کے پھاٹک میں بند کر دیا گیا۔


تفصیلات کے مطابق میئر میونسپل کارپوریشن میرپور کی ہدایت پر ٹھیکیدار پھاٹک اور کارپوریشن کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ جانوروں کے خلاف کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سڑکوں، شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں آزادانہ گھومنے والے درجنوں جانوروں کو تحویل میں لے کر پھاٹک منتقل کر دیا گیا۔


کارپوریشن حکام کے مطابق جانوروں کے مالکان کو متعدد مرتبہ اپنے مویشیوں کو کھلا چھوڑنے سے باز رہنے اور انہیں مناسب طریقے سے باندھ کر رکھنے کی ہدایات اور وارننگز دی گئی تھیں، تاہم بعض مالکان کی جانب سے ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا۔ ایسے 9 مالکان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔


میونسپل کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں آوارہ جانوروں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو حادثات اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں