واپس جائیں

میرپور، جیولر کے ساتھ لاکھوں کا فراڈ، 2 خواتین سمیت 3افراد گرفتار

16 Nov 2026, 09:22 AM
میرپور، جیولر کے ساتھ لاکھوں کا فراڈ، 2 خواتین سمیت 3افراد گرفتار

میرپور آزاد کشمیر ۔ میرپور میں جعلی آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے جیولر سے 3 لاکھ 23 ہزار روپے کی مبینہ نوسربازی، دو خواتین سمیت تین افراد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار دو خواتین اور ایک مرد کی جیولر سے مبینہ نوسربازی، 3 لاکھ 23 ہزار روپے کا فراڈ۔ جعلی آن لائن ٹرانزیکشن کا اسکرین شارٹ دکھا کر طلائی انگوٹھیاں ہتھیا لیں، منگلا پل پر پولیس نے گاڑی روک کر ملزمان گرفتار کر لیے، تھانہ سٹی میرپور میں پرچہ درج کر لیا گیا،میرپور شہر کی حدود میں نوسربازی کی واردات کے دوران دو خواتین اور ایک مرد نے مبینہ طور پر جیولر کی دکان سے لاکھوں روپے مالیت کی طلائی انگوٹھیاں ہتھیا لیں۔ ملزمان نے آن لائن رقم منتقلی کا جعلی اسکرین شاٹ دکھا کر جیولر کو دھوکہ دیا اور بعد ازاں گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں منگلا پل پر گاڑی روک کر راولپنڈی کے رہائشی تینوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نانگی بازار میرپور میں واقع ایک جیولری شاپ پر دو خواتین اور ایک مرد گاڑی نمبر اسلام آباد AF-789 میں سوار ہو کر پہنچے۔ مذکورہ گاڑی پر مبینہ طور پر جعلی نمبر پلیٹ نصب تھی۔ ملزمان نے جیولر سے ایک مردانہ اور ایک زنانہ طلائی انگوٹھی خریدی، جن کی مجموعی مالیت 3 لاکھ 23 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ملزمان نے علی رضا نامی اکاؤنٹ ہولڈر کے اکاؤنٹ سے جیولر کے اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 23 ہزار روپے بذریعہ موبائل ایپ منتقل کرنے کا دعویٰ کیا اور اس حوالے سے اسکرین شاٹ بھی دکھایا۔ جیولر نے اسکرین شاٹ دیکھ کر انگوٹھیاں حوالے کر دیں، جس کے بعد ملزمان گاڑی میں بیٹھ کر موقع سے روانہ ہو گئے۔بعد ازاں جب جیولر نے اپنے یو بی ایل اکاؤنٹ کو چیک کیا تو مذکورہ رقم منتقل نہیں ہوئی تھی۔ اس پر جیولر نے فوری طور پر تھانہ سٹی میرپور پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ملزمان کی گاڑی کی تلاش شروع کر دی۔پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گاڑی کو منگلا پل پر روک لیا گیا اور اس میں سوار دو خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق راولپنڈی سے بتایا جاتا ہے۔واقعہ کے حوالے سے تھانہ سٹی میرپور کے ایس ایچ او نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر رازی نامے کے لیے دباؤ ڈالنے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے، جس کی تصدیق متعلقہ حکام سے ہونا باقی ہے۔میرپور میں جعلی آن لائن ٹرانزیکشن اور نمبر پلیٹوں کے ذریعے وارداتوں کے اس واقعے نے شہریوں اور تاجروں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ شہری حلقوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ تاجروں کو مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے


 


 

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں