مظفرآباد، سوزوکی کار دریاے جہلم میں جا گری، 3 افراد زخمی
مظفرآباد : دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے شاہراہ سری نگر دومیل بارہ دری پل کے قریب سوزوکی کلٹس گاڑی بے قابو ہو کر دریائے جہلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو دریا سے بحفاظت نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 مظفرآباد کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ریسکیو ٹیم بمعہ واٹر ریسکیو یونٹ دومیل بارہ دری فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ربڑ بوٹ کے ذریعے دریا میں پھنسے زخمیوں کو نکالا، ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور لائف کیئر ایمبولینس کے ذریعے ایمز ہسپتال امبور (سی ایم ایچ مظفرآباد) منتقل کر دیا۔زخمیوں میں اقبال ولد نامعلوم،عمر 59 سال،ساکن اپر چھتر،سعد اقبال،عمر 17 سال اور ایوب، عمر 60 سال، ساکن دھنی سیداں شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔بروقت ریسکیو کارروائی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد ملی۔