جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے پونچھ میں لگے ناکے ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا
حکومت پونچھ ڈویژن میں لگے ناکے فوری ختم کرے، 6 ماہ سے 10 لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں:ڈاکٹر محمد مشتاق خان امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر
حکومت بحران کے حل کے لیے فوری طور پر 'فیکٹ فائنڈنگ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن' تشکیل د ے
اسلام آباد (صباح نیوز): جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پونچھ ڈویژن میں لگائے گئے ناکے فوری طور پر ختم کیے جائیں کیونکہ گزشتہ 6 ماہ سے خطے کے 10 لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس بحران کے حل کے لیے فوری طور پر 'فیکٹ فائنڈنگ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن' تشکیل دینے اور بے گناہ گرفتار افراد کو رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پونچھ کے بحران کے حل کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ اس صورتحال سے تحریکِ آزادی کشمیر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے اور دشمن اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے، لہٰذا ہندوستان اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کا موقع نہ دیا جائے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول، کالجز، میڈیکل کالج اور پونچھ یونیورسٹی بند ہونے سے طلبہ اور عام شہری بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر مشتاق خان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جائز مطالبات پورے کرے، نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کرے اور تمام افراد کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کے بجائے مجرموں کو سزا دے جبکہ بے گناہ شہریوں کو فوری رہا کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پونچھ بحران کے حل کے لیے جماعت اسلامی جلد آل پارٹیز کانفرنس (APC) بھی منعقد کرے گی۔ مشاورتی اجلاس میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود خان، سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان، سردار زاہد رفیق، سید سلیم گردیزی، ظفر حسن ظفر، سردار سجاد انور، عمران عزیز، راجہ خالد محمود خان، طارق خان، انور خان، سید ارشد بخاری ایڈووکیٹ اور سردار نزاکت حسین سمیت دیگر قائدین نے بھی شرکت کی۔