ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
کراچی: سندھ ایس آر اے کا ایک کروڑ روپے ہیڈ منی والا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ کے 25 خول برآمد، ایس آر اے کمانڈر اصغر شاہ کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے
کراچی(صباح نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) کے انتہائی مطلوب مفرور دہشتگرد شعیب خشک کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی گرفتاری پر حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک کروڑ روپے ہیڈ منی مقرر تھی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کو حیدرآباد میں بھٹائی نگر تھانے کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی حیدرآباد نے ضلع ٹھٹھہ میں بھاری نفری کے ہمراہ 6، 7 اور 8 اکتوبر کو تین بڑے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے۔ اس دوران مختلف علاقوں کا محاصرہ، سرچ آپریشن، مخبر نیٹ ورک کی فعالیت اور جدید تکنیکی ذرائع سے ملزم کی تلاش جاری رکھی گئی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران ملزم اپنے تین ساتھیوں سمیت پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا، جس کا مقدمہ سی ٹی ڈی حیدرآباد پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں نے مسلسل پیشہ ورانہ کوششوں، مؤثر حکمت عملی اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کی مدد سے بالآخر ملزم کو حیدرآباد سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف سی ٹی ڈی حیدرآباد، گھارو اور مکلی ضلع ٹھٹھہ میں مقدمات درج ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، 17 چلیدہ خول، 9 ایم ایم پسٹل کے چار اور 30 بور پسٹل کے چار چلیدہ خول بھی برآمد کیے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگرد سندھ ایس آر اے کے کمانڈر اصغر شاہ کا دیرینہ ساتھی ہے اور اس کی معاونت سے دہشتگردانہ کارروائیاں کرنا چاہتا تھا۔