کشمیر کونسل کے انتخاب کا اعلان: کاغذاتِ نامزدگی 1 اکتوبر کو جمع ہوں گے، الیکشن کمیشن کا اعلان
مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے منتخب شدہ چار اراکین کے عہدوں کی مدت 18 ستمبر 2026 کو ختم ہونے کے بعد نئے اراکین کے انتخاب کے لیے الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق اراکینِ کشمیر کونسل کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 1 اکتوبر 2026 کو صبح 9:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن / ریٹرننگ آفیسر کے دفتر (بلاک 'A' جلال آباد مظفر آباد) میں داخل کروائے جا سکیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو صبح 10:00 بجے کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق کاغذات مسترد ہونے کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس اپیل 5 اکتوبر کو صبح 9:00 سے دوپہر 12:30 بجے تک دائر کی جا سکے گی، جس کی سماعت 6 اکتوبر کو صبح 9:00 سے 12:30 بجے تک ہوگی اور اسی روز دوپہر 1:00 سے شام 4:00 بجے کے درمیان فیصلے سنائے جائیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 7 اکتوبر (دوپہر 12:00 بجے سے پہلے) مقرر کی گئی ہے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو دوپہر 2:00 بجے سے پہلے شائع کی جائے گی۔ انتخابات کے لیے پولنگ 12 اکتوبر 2026 کو صبح 10:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہال (بلاک نمبر 12 سول سیکرٹریٹ چھتر مظفر آباد) میں ہوگی اور پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی گنتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے لیے اہلیت اور نااہلیت کی شرائط وہی ہوں گی جو عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 21(4) کے تحت اسمبلی رکن کے لیے طے شدہ ہیں۔ امیدواروں کے لیے اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانا، انتخابی اخراجات کے لیے شیڈولڈ بینک میں مخصوص اکاؤنٹ کھولنا، اور انتخابی فہرست کی نقل منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ علاوہ ازیں، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے لیے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے.