واپس جائیں

وفاقی حکومت نے ایکشن کمیٹی کو بڑی ہیشکش کر دی

25 Sep 2026, 04:20 PM
وفاقی حکومت نے ایکشن کمیٹی کو بڑی ہیشکش کر دی

اسلام آباد :وفاقی حکومت نے ایک بار پھر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے ، سسٹم اور نظام کا حصہ بننے کی پیشکش کردی، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام  نے کہا کہ راولاکوٹ کے عوام دھرنا ختم کرکے بات چیت کریں۔  وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق پونچھ ڈویژن سے ہے اور ان کا صدر منتخب ہونا وہاں کے عوام کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔  انہوں نے کہا کہ پونچھ کے عوام میں یہ احساس پایا جاتا تھا کہ وہ حکومت اور نظام میں باہر ہیں، تاہم ڈاکٹر نجیب نقی کا صدر منتخب ہونا اس احساس کے خاتمے کی جانب اہم قدم ہے۔  امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ 5 دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے پر بھی کام ہورہا ہے۔  انہوں نے راولاکوٹ اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے احتجاج اور دھرنے ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات سے نکلتا ہے۔  امیر مقام نے کہا کہ احتجاج کے باعث ہونے والے نقصانات بھی بالآخر عوام ہی کو برداشت کرنا پڑتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ احتجاج کے بجائے نظام کا حصہ بن کر عوامی مسائل اور فلاح و بہبود کے لیے بات کی جائے۔  انہوں نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر کے عوام کی بہتری اور فلاح کے لیے کوئی مطالبات ہیں تو حکومت ان پر بات کرنے اور تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔  جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنمائوں ثمر ہارون بلور اور زاہد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر میں کسی کی سوچ میں نہیں تھا کہ اس طرح انتخابات ہو جائیں گے،کشمیر میں تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں،کشمیری عوام کا شکریہ کہ انہوں نے جمہوریت کا ساتھ دیا،گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا ۔ڈاکٹر نجیب نقی صدر آزاد کشمیر منتخب ہو گئے ہیں اور وہ پونچھ سے تعلق رکھتے ہیں،کشمیر کی تعمیر وترقی پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نواز شریف نے جو وعدے کیے ہیں ان پر کام شروع ہے انشا اللہ پورے کریں گے،احتجاج اور دھرنوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔  انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے مظاہرین سے اپیل ہےکہ دھرنا ختم کریں آئیں بیٹھ کر بات کریں تاکہ پونچھ میں جلد انتخابات کرائے جائیں،دھرنوں سے نقصان عوام اور طلبہ کا ہو رہا ہے،خیبرپختونخوا حکومت کی نااہلی سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور فورسز نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں،سیاست ہر ایک کی اپنی اپنی ہے،ملک پر کوئی مشکل ہو تو ہم سب ایک ہوں۔  وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کئی سال سے پی ٹی آئی برسر اقتدار ہے،وہ اپنی کارکردگی بتائے کہ عوام کے لئے کیا کیا،دھرنے اور احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں۔  خیبرپختونخوا میں کئی سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے،عوام کو بتائیں کارکردگی کیا ہے، تعلیم،صحت،انفراسٹرکچر کے لیے کیا کیا ہے ؟عوام کے مسائل کے حل کے لیے کتنے لانگ مارچ کیے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی لوٹ مار سب کے سامنے ہے،حکومت کی کرپشن کی کئی کہانیاں ہیں،بس یہ ایک ہی بات لے کر بیٹھے ہیں بانی کو رہا کرو،کئی رہنمائوں کا پتا ہے وہ دھرنوں میں آتے ،کئی گرفتار افراد کے ورثا ہمارے پاس آئے کہ ان کے بچوں کو رہا کروائیں۔  امیر مقام نے کہا کہ عوام ان کی کارکردگی دیکھیں،ان سے پوچھیں کہ وزیراعلی کیا کر رہا ،وزیراعلی کی کال پر پنجاب، سندھ میں کتنے لوگ نکلے وہ سب کے سامنے ہے،عوام نے اس فتنے کو مسترد کر دیا،خیبرپختونخوا پولیس اور فورسز اور عوام دہشتگردی کے خلاف جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں،صوبے کا دوسرے صوبوں کے ساتھ موازنہ کریں تو ان کی کارکردگی کچھ بھی نہیں۔  وزیر امور کشمیر نے کہا کہ بار بار کہتے ہیں عوام ان کے آلہ کار نہ بنیں،یہ اپنے مفادات کے لیے آپ کو استعمال کرتے ہیں مشکل آتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتی ہے،خیبرپختونخوا کے راستے پی ٹی آئی کی وجہ سے بند ہیں،باقی سب راستے تو کھلے ہوئے ہیں،پی ٹی آئی رہنمائوں کے بیانات عوام کے سامنے ہیں،پی ٹی آئی یہ ذہن سے نکال دے کہ انہیں اسلام آباد آنے دیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں