واپس جائیں

اسلام آباد ایئر پورٹ پر 35 کلو چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

26 Sep 2026, 02:33 PM
اسلام آباد ایئر پورٹ پر 35 کلو چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام

اسلام آباد:پاکستان کسٹمز نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 35 کلو گرام چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی،منشیات کی مالیت 66 کروڑ روپے ہے ،ملزم کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 25 ستمبر 2026 کو آمد والی پرواز نمبر TG-349 کے ذریعے ممنوعہ مواد کی ممکنہ اسمگلنگ کی کوشش کے پیشِ نظر پاکستان کسٹمز، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IIAP) نے نگرانی مزید مؤثر بناتے ہوئے ٹارگٹڈ چیکنگ کے اقدامات شروع کیے۔ موصولہ اطلاعات کی روشنی میں اسسٹنٹ کلکٹر کی نگرانی میں ایک خصوصی ویجیلنس ٹیم تشکیل دی گئی۔ دورانِ نگرانی ایک مسافر کو روک لیا گیا۔ مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق مسافر کی تلاشی اور سامان کی جانچ کے دوران اس کے قبضے میں موجود سامان سے 35 کلو گرام (مجموعی وزن) مشتبہ چرس برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ ممنوعہ مواد، جس کی تخمینہ شدہ مالیت 66 کروڑ روپے ہے ، کو کسٹمز کی تحویل میں لے لیا گیا۔ ملزم مسافر کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ممنوعہ مواد کے ماخذ، مطلوبہ منزل اور اسمگلنگ کی کوشش سے متعلق دیگر اہم پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔ پاکستان کسٹمز سرحد پار اسمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے تحفظ اور غیر قانونی منشیات کی ترسیل کی روک تھام کے ذریعے عوامی صحت اور سلامتی کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں