فیصل آباد نجی ہوٹل کے کمرے سے 35 سالہ خاتون کی لاش برآمد
فیصل آباد :فیصل آباد تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقے سوساں روڈ پر واقع راج ون ہوٹل کے کمرے سے 35 سالہ خاتون کی پراسرار حالات میں لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ خاتون کے ہمراہ آنے والا شخص موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب اختر نامی شہری نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ سوساں روڈ پر واقع راج ون ہوٹل کے ایک کمرے میں خاتون کی لاش پڑی ہے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی اے ایس پی پیپلز کالونی باسل عریز فاروقی اور ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹاؤن انسپکٹر ارسلان باری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کمرے کے بیڈ سے ملنے والی لاش کی شناخت 35 سالہ عینی کے نام سے ہوئی ہے، تاہم اس کی مستقل سکونت کے حوالے سے تاحال معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ ہوٹل کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ رحمت ولاز فیصل آباد کا رہائشی رحمان ولد عظمت گزشتہ شب مقتولہ عینی کے ہمراہ ہوٹل آیا تھا اور دونوں نے کمرہ بک کروا کر وہاں قیام کیا تھا۔ہوٹل عملے اور ریکارڈ کے مطابق رحمان صبح تقریباً 9 بجے کمرے سے باہر نکلا اور اس کے بعد واپس نہیں لوٹا۔ پولیس نے کمرے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم کو طلب کر لیا ہے، جبکہ مقتولہ کے ورثاء کی تلاش اور فرار ہونے والے شخص کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔