واپس جائیں

اسلام آباد،کسٹمز کی کارروائی، 5 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

02 Oct 2026, 03:03 PM
اسلام آباد،کسٹمز کی کارروائی، 5 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد

اسلام آباد:کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، اسلام آباد نے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کے ذریعے ایم-2 موٹروے کے قریب 02 اکتوبر 2026 کو تقریباً 02:30 بجے کی جانے والی ایک انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران منشیات کی ایک بڑی کھیپ برآمد کر لی۔ منشیات کی بھاری مقدار کی منتقلی سے متعلق قابلِ اعتماد خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کسٹمز ٹیم نے مذکورہ مقام پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے 1200 کلو گرام چرس، تقریباً 100 کلو گرام پوست کے بیج، ایک آتشیں اسلحہ اور نان کسٹمز پیڈ ٹویوٹا پراڈو (ماڈل 2005) برآمد کر لی، جسے مبینہ طور پر ممنوعہ سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ کسٹمز ٹیم کی موجودگی کا احساس ہونے پر ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ برآمد شدہ گاڑی اور دیگر اشیاء کو حسبِ ضابطہ کسٹمز تحویل میں لے لیا گیا۔ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ شدہ مالیت تقریباً 5 ارب 40 کروڑ روپے ہے۔ گاڑی اور دیگر برآمد شدہ اشیاء کی مالیت کو شامل کرتے ہوئے مجموعی مالیت تقریباً 5 ارب 41 کروڑ روپے بنتی ہے۔ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز ایکٹ، 1997 اور کسٹمز ایکٹ، 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، اسلام آباد نے ملوث افراد کا سراغ لگانے اور انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات کی اس کھیپ کی ترسیل میں ملوث مکمل نیٹ ورک کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی قانون کے مطابق جاری ہے۔ پاکستان کسٹمز منشیات اور دیگر غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے عزم پر ثابت قدم ہے۔ ملک بھر میں مسلسل انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اور مؤثر نگرانی کے ذریعے پاکستان کسٹمز غیر قانونی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو ناکام بنانے ، ملکی سرحدوں کے تحفظ اور عوام کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں