واپس جائیں

پونچھ اور سدھنوتی میں الیکشن کی تیاریاں، تبادلوں اور فنڈز استعمال پر پابندی عائد

05 Nov 2026, 01:33 PM
پونچھ اور سدھنوتی میں الیکشن کی تیاریاں، تبادلوں اور فنڈز استعمال پر پابندی عائد

مظفرآباد:آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ضلع پونچھ وسدھنوتی کے 07  انتخابی حلقوں میں  انتخابات کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ان حلقوں میں انتخابات کے پیش نظر  پونچھ ڈویژن میں  سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلہ جات و آسامیوں کی تخلیق پر پابندی عائد کر دی ہے، نئی ترقیاتی سکیموں کے اجراء ، وزراء کرام یا ممبران اسمبلی سرکاری فنڈز کے استعامل پر بھی پابندی لگا دی ہے ۔ اس بات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیرجسٹس (ر) مصطفی مغل کی زیر صدارت اعلٰی سطحی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر حسین گیلانی، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع پونچھ وسدھنوتی کے سیاسی عمائدین ونمائندگان کی جانب سے موصولہ درخواست کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جس میں ضلع پونچھ وسدھنوتی کے 07 حلقہ جات میں امن وامان کی صورتحال کے باعث عام انتخابات کے التواء کے دوران ممکنہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ان 07 حلقہ جات میں انتخابی عمل کو صاف وشفاف، غیر جانبدارانہ اور تمام امیدواران کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے احکامات صادر کر دیے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع پونچھ و سدھنوتی کے 07 حلقہ جات کی حد تک تمام سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلہ جات و آسامیوں کی تخلیق پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔ تاہم ناگزیر صورت میں الیکشن کمیشن کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔ وزراء کرام یا ممبران اسمبلی سرکاری فنڈز (ترقیاتی فنڈز، زکوٰة فنڈز، اوقاف فنڈز، سوشل ایکشن پروگرام فنڈز) بیت المال فنڈز کی تقسیم کسی صورت نہیں کریں گے۔ سرکاری سامان از قسم بجلی کے کھمبے پایانی کے پائپ اور کمرشل وتعمیراتی لکڑی اور جنگل سے درخت وغیرہ کاٹ کر تقسیم نہیں کی جائے گی اور نہ ہی ایسے اختیارات استعمال کیٔے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 116-B کی رو سے ضلع پونچھ وسدھنوتی کی حدود میں ہر قسم کی نئی ترقیاتی سکیموں کے اجراء پر پابندی ہوگی تاہم معمول کے ترقیاتی کام (ADP approved FUND)کے تحت متعلقہ محکمہ کے سرکاری ملازمین کے ذریعہ جاری رکھے جائیں لیکن کوئی امیدوار یا اس کا کوئی حامی کسی ترقیاتی منصوبے کا افتتاح نہیں کرے گا اور نہ ہی امن وامان کے لیٔے متعین ملازمین کے علاوہ کوئی سرکاری ملازم ایسے جلسے اور جلسوں میں شرکت کرے گا اور نہ ہی اس مقصد کے لیے کوئی تقریب منعقد کرے گا، انتخابی جلسے جلوسوں میں سرکاری گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین غیر جانبدار رہیں گے اور کسی امیدوار کی حمایت اور مخالفت کے لیٔے اثر رسوخ استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفی مغل نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب کیے گئے فیصہ جات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص  اشخاص کے خلاف ٹھوس ثبوت کے ساتھ شکایات ملنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ذمہ دار سرکاری ملازمین کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت سخت قانونی و تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ملازم کی فوری معطلی اور امیدوار کی نااہلی بھی شامل ہوگی۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے احکامات کا اطلاق آج سے ہوگا۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ارسال کرتے ہوئے پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کریں تاکہ کوئی بھی محکمہ عذر پیش نہ کرے کہ اُن کو بروقت احکامات موصول نہیں ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر حکومت قانون نافذ کرنے والے ادارے جات کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان حلقہ جات میں انتخابات منعقد کرانے کے لیٔے حالات ممکنہ بہتر بنائیں تاکہ علاقہ کے عوام کو انتخابات کے انعقاد میں تاخیر سے پیدا ہونے والے بے چینی کا سدباب ہو سکے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں