واپس جائیں

آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع

13 Sep 2026, 05:59 PM
آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع

مظفر آباد:آزاد جموں و کشمیر میں 100 روز کے طویل ترین تعطل کے بعد بالآخر انٹرنیٹ صارفین کے لیے بڑی اور خوش آئند پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ سرکاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی خصوصاً دی گئی ہدایت پر خطے میں انٹرنیٹ سروسز کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر کے کچھ اضلاع میں مکمل جبکہ بعض دور دراز اور حساس علاقوں میں فی الوقت جزوی طور پر انٹرنیٹ سروسز بحال کی گئی ہیں۔ اس اہم اقدام کے بعد خطے کے متعدد علاقوں میں موبائل ڈیٹا، فور جی (4G)، ڈی ایس ایل اور فائبر آپٹک سروسز دوبارہ فعال ہونا شروع ہو گئی ہیں، جس سے مقامی آبادی اور آن لائن سرگرمیوں سے وابستہ افراد نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، آزاد کشمیر کے اہم شہروں بشمول میرپور، بھمبر، برنالہ اور کری شریف میں فور جی سروس کی بحالی کے بعد عوام اور تاجر برادری نے شدید اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس کے برعکس، جہلم ویلی اور ہٹیاں بالا کے بعض مخصوص حصوں میں سروس تاحال محدود بنیادوں پر  ہے ، جسے جلد مکمل طور پر بحال کیے جانے کی توقع ہے۔  ادھر پونچھ ڈویژن میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہے   جسکی بحالی کے کسی  منصوبے کا زکر نہیں کیا گیا واضح رہے کہ گزشتہ 100 دنوں سے انٹرنیٹ کی مسلسل معطلی کے باعث طلبہ کی تعلیم، صحافتی ذمہ داریوں، اور آن لائن روزگار سے وابستہ ہزاروں افراد کا شدید نقصان ہوا تھا۔ سروسز کے مرحلہ وار آغاز پر جہاں شہریوں نے اطمینان ظاہر کیا ہے ، وہیں متاثرہ علاقوں کی عوام اور شہری تنظیموں نے حکومت اور ٹیلی کام حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام باقی ماندہ علاقوں اور سرحد کے قریب دیہاتوں میں بھی بلا تاخیر سروسز کو 100 فیصد بحال کیا جائے

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں