واپس جائیں

پاکستانی طالبہ کا اعزاز، ترکی کے صدر نے اعزاز سے نواز دیا

28 Oct 2026, 12:14 PM
پاکستانی طالبہ کا اعزاز، ترکی کے  صدر نے اعزاز سے نواز دیا

اسلام آباد: پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے عاصفہ عرفان گرلز کیمپس لاہور کی جماعت نہم کی طالبہ عنایہ خان نے دو بین الاقوامی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی ان شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے انہیں انقرہ میں منعقدہ ترک معارف فاؤنڈیشن کی دسویں سالگرہ کی تقریب کے دوران اعزازی شیلڈ پیش کی۔ عنایہ خان نے یہ دونوں کامیابیاں لاہور کے ڈریم گارڈنز کیمپس میں زیرِ تعلیم رہتے ہوئے حاصل کیں۔ جماعت ہفتم کی طالبہ کی حیثیت سے انہوں نے شمالی قبرص کے شہر لفکوشا میں منعقدہ ٹیکنو فیسٹ (TEKNOFEST) میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس پر انہیں ٹرافی، میڈل اور نقد انعام دیا گیا۔ بعد ازاں جماعت ہشتم میں انہوں نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ بین الاقوامی اسٹیم (STEAM) مقابلے میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے اعتراف میں انہیں لیپ ٹاپ سے نوازا گیا۔ ان دونوں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے عنایہ خان کے سفری اور دیگر اخراجات پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے مکمل طور پر برداشت کیے، جس کے باعث انہیں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنے ادارے کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا۔ ان شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں عنایہ خان کو انقرہ میں ترک معارف فاؤنڈیشن کی دسویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ یہ تقریب صدارتی کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر عنایہ خان کو صدرِ ترکیہ اور ترک معارف فاؤنڈیشن کے چیٔرمین جناب محمود مصطفیٰ اوزدیل کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ ان کا دور? ترکیہ بھی پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کی جانب سے مکمل طور پر اسپانسر کیا گیا۔ عنایہ خان اس وقت عاصفہ عرفان گرلز کیمپس لاہور میں اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی کامیابیاں اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ نوجوان طلبہ و طالبات کو مناسب رہنمائی، مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ ان کی کامیابی کا سفر پاک ترک معارف کے اس عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے جس کے تحت طلبہ و طالبات کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے، بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے اور کلاس روم سے باہر اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ عنایہ خان کی یہ کامیابیاں پاک ترک معارف کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہیں اور اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ادارہ نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے اور انہیں عالمی سطح پر کامیابیوں سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں