واپس جائیں

اسرائیل کا فلسطینیوں کے کیمپ پر حملہ، کمسن بچی سمیت 3 افراد شہیدl

26 Oct 2026, 01:09 PM
اسرائیل کا فلسطینیوں کے کیمپ پر حملہ، کمسن بچی سمیت 3 افراد شہیدl

 غزہ سٹی : غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے المواصی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کمسن بچی سمیت 3 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 11 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال کے مطابق خان یونس کے مغرب میں واقع المواصی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 3 افراد شہید ہوئے۔ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے ناصر اسپتال نے بھی تینوں اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی میزائل کے ٹکڑے براہ راست لگنے سے متاثرین کے جسم شدید متاثر ہوئے۔ اسپتال کے مطابق زخمیوں میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال نے شہید ہونے والوں کی شناخت حسام الزملی، تامر ابو سنیمہ اور جوری الصوفی کے ناموں سے کی ہے۔ غزہ کی وزارت تعلیم کے مطابق شہید ہونے والی بچی کی عمر سات سال تھی۔ پیر کی صبح اسرائیلی ٹینکوں، فوجی گاڑیوں اور ایک بلڈوزر نے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کے مشرقی حصے میں نام نہاد یلو لائن کے مغرب کی جانب پیش قدمی کی۔ اس دوران دیر البلح کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ اس علاقے میں بے گھر ہونے والے سیکڑوں خاندان رہائش پذیر ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں