واپس جائیں

برطانیہ میں شدید طوفان، پروازیں منسوخ نظام زندگی درہم برہم

26 Oct 2026, 01:11 PM
برطانیہ میں شدید طوفان، پروازیں منسوخ نظام زندگی درہم برہم

لندن: برطانیہ میں طوفان 'بیلو' نے موسم کی صورتحال کو شدید متاثر کردیا، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث ایک شخص ہلاک، مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور 80 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ درجنوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ غیر ملکی رساں ادارے کے مطابق تباہ کن طوفان کے دوران ایک درخت کی زد میں آکر 60 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ طوفان کے باعث اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور شمالی انگلینڈ کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور شدید بارش کے پیش نظر امبر ویدر وارننگ جاری کی گئی جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے اور امبر وارننگ رات 9 بجے تک نافذ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ٹائرے میں ہوا کی رفتار 82 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 132 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ طوفان کے باعث گریٹر مانچسٹر، لنکا شائر اور کمبریا سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں کم و بیش 80 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ بجلی کی بحالی کے لیے متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق طوفان 'بیلو' رواں موسم کا دوسرا نامزد طوفان ہے اور اس کی شدت عروج پر رہی۔ برطانیہ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کے جھکڑ 80 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ہوا کی رفتار تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ شدید ہواؤں اور بارش کے باعث درخت گرنے، بجلی کی فراہمی میں خلل اور سڑکوں پر سفر میں مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے دوران سفر کرتے ہوئے خصوصی احتیاط کریں کیونکہ بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث جان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال اور جاری وارننگز سے باخبر رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی خراب موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں